ویب ڈیسک: ہالی ووڈ کی نامور اداکارہ اور کامیڈین کیتھرین اوہارا، جو فلم ’ہوم الون‘ میں کیون میکالسٹر کی ماں کے کردار سے دنیا بھر میں مشہور ہوئیں، 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اداکارہ کے منیجر نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مختصر علالت کے بعد وفات پا گئیں، تاہم بیماری کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔
کینیڈین نژاد کیتھرین اوہارا نے فلم اور ٹیلی ویژن دونوں شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ انہیں فلم ’ہوم الون‘ کے بعد ٹی وی سیریز ’شِٹس کریک‘ میں موئیرا روز کے کردار سے نئی نسل میں بھی غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی، جس پر انہیں 2020 میں ایمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
’ہوم الون‘ میں ان کے اسکرین بیٹے کا کردار ادا کرنے والے میکالے کلکن نے اداکارہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام اور یادگار تصاویر شیئر کیں۔
کیتھرین اوہارا کے پسماندگان میں ان کے شوہر پروڈکشن ڈیزائنر بو ویلچ اور دو بیٹے شامل ہیں۔