ویب ڈیسک: یورپی ملک ہالینڈ کی حکومت نے شہریت حاصل کرنے کے خواہشمند غیر ملکیوں کے لیے اہم ریلیف دیتے ہوئے 10 سالہ رہائش کی شرط ختم کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈچ حکومت نے دوہری شہریت سے متعلق قوانین میں کوئی تبدیلی نہیں کی، تاہم شہریت کے حصول کے لیے طویل رہائش کی شرط واپس لے لی گئی ہے۔ اس سہولت کے باوجود نیدرلینڈز میں نئے آنے والے افراد کو ڈچ شہریت حاصل کرنے کے لیے اپنی سابقہ قومیت ترک کرنا ہوگی۔
حکام کے مطابق بیرون ملک مقیم ڈچ شہری اپنے ڈچ پاسپورٹ سے جلد محروم نہیں ہوں گے، تاہم نئے شہریوں کے لیے دوہری شہریت کی اجازت برقرار نہیں رکھی گئی۔ اس طرح نیدرلینڈز اور آسٹریا اب بھی یورپی یونین کے وہ ممالک ہیں جہاں دوہری شہریت کی اجازت نہیں دی جاتی، جبکہ جرمنی نے حال ہی میں اس حوالے سے قانون میں نرمی کی ہے۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ پیدائشی ڈچ شہریوں کو متعدد پاسپورٹس کی اجازت دینا اور نئے شہریوں کو اس سے محروم رکھنا امتیازی رویہ ہو سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق شہریت قوانین میں مستقبل کی ممکنہ تبدیلیوں کے حکومتی منصوبے تاحال غیر واضح ہیں۔