شہباز شریف کا ڈونلڈ ٹرمپ کو تجارتی معاہدے پر شکریہ کا پیغام

شہباز شریف کا ڈونلڈ ٹرمپ کو تجارتی معاہدے پر شکریہ کا پیغام
کیپشن: شہباز شریف کا ڈونلڈ ٹرمپ کو تجارتی معاہدے پر شکریہ کا پیغام

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان حالیہ تجارتی معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ واشنگٹن میں طے پانے والی اس تاریخی ڈیل پر امریکی صدر ٹرمپ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اس معاہدے میں قائدانہ کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط کرے گا اور آئندہ برسوں میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان پائیدار شراکت داری کو وسعت دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی ایک پیغام میں کہا کہ "الحمد للہ! پاکستان کی امریکہ کے ساتھ ڈیل طے پا گئی ہے"، اور اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پیشرفت پاکستان کی اقتصادی سفارت کاری کا نتیجہ ہے، جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔

دریں اثنا، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں بتایا کہ یہ معاہدہ کئی مہینوں پر مشتمل مسلسل مذاکرات کے بعد ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی منڈی میں پاکستانی اشیاء پر عائد ٹیرف میں کمی کی جائے گی، جو برآمدات میں اضافے اور ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ہوگا۔

بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ اس معاہدے کے نتیجے میں نہ صرف برآمدات کو فروغ ملے گا بلکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، خاص طور پر نجی شعبے کے لیے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ اقتصادی ترقی کو دیرپا بنایا جائے، اور یہ معاہدہ اسی سمت میں ایک بڑا قدم ہے۔

Watch Live Public News