بیرون ملک سے منگوائی گئی آن لائن اشیاء پر ٹیکس ختم، نوٹیفکیشن جاری

بیرون ملک سے منگوائی گئی آن لائن اشیاء پر ٹیکس ختم، نوٹیفکیشن جاری
کیپشن: بیرون ملک سے منگوائی گئی آن لائن اشیاء پر ٹیکس ختم، نوٹیفکیشن جاری

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے بیرونِ ملک سے ڈیجیٹل ذرائع سے درآمد کی جانے والی اشیاء اور خدمات پر عائد 5 فیصد ٹیکس ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت گوگل سمیت دیگر بڑی امریکی اور عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ڈیجیٹل ٹیکس سے استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل پریزنس پروسیڈ ٹیکس اب یکم جولائی 2025 سے ٹیکنالوجی کمپنیوں پر لاگو نہیں ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ وفاقی حکومت کی ہدایات پر کیا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینا اور بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے آن لائن خریدی جانے والی ایسی اشیاء و خدمات پر 5 فیصد ٹیکس عائد کیا تھا، جو ان کمپنیوں کی طرف سے فراہم کی جاتی تھیں جن کا پاکستان میں کوئی مستقل دفتر یا نمائندہ موجود نہیں۔ یہ ٹیکس ڈیجیٹل خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں جیسے کہ گوگل، فیس بک، ایمازون اور دیگر پر بھی لاگو ہوتا تھا۔

وفاقی بجٹ میں ایک شق شامل کی گئی تھی جس کے تحت وفاقی کابینہ کو اختیار حاصل تھا کہ وہ اس ٹیکس میں چھوٹ دے سکتی ہے، اور اب کابینہ کی منظوری کے بعد یہ ٹیکس باقاعدہ طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدام ملک میں سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل شعبے میں بین الاقوامی شراکت داری کے امکانات کو بڑھا سکتا ہے۔ تاہم کچھ حلقوں کی جانب سے اس فیصلے پر تنقید بھی سامنے آئی ہے کہ اس سے مقامی آئی ٹی کمپنیوں کو مسابقت میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

Watch Live Public News