ویب ڈیسک: ڈائریکٹر سپارکو نجم شمس کا کہنا ہے کہ جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی مدد سے سیلاب کے حوالے سے ارلی وارننگ جاری کرکے ملک کو بڑا نقصان سے بچایا جا سکتا ہے۔
جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی لانچ کے بعد اس سے حاصل ہونے والے فوائد پر بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر سپارکو نے کہا کہ سیٹلائٹ کا ڈیٹا اربن اینڈ ریجنل کنٹرولنگ اور پلاننگ کیلئے بہت مفید ثابت ہوگا۔ اس سیٹلائٹ سے سیلاب سے متعلق ارلی وارننگ جاری کرکے نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے جبکہ گلیشیئرز اور واٹر فلو کی بھی مانیٹرنگ ممکن ہے۔
اس کے علاوہ اس سیٹلائٹ کی مدد سے پاکستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور شہری پھیلاؤ کی نگرانی ہوسکے گی۔ یہ سیٹلائٹ زلزلوں کی بروقت انتباہ فراہم کرنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔ جغرافیائی خطرات کی نشاندہی کر کے سی پیک جیسی قومی ترقیاتی پہلوؤں کو بھی سپورٹ کیا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کی پہلے ہی پانچ سیٹلائٹ خلا میں اپنا کام کر رہی ہیں۔