(ویب ڈیسک) سپارکو نے ربیع الاول کا چاند نظر آنے سے متعلق پیشگوئی کردی۔
سپارکو کے مطابق ربیع الاول 1448 ہجری کے چاند کی پیدائش 12 اگست کو رات 10 بج کر 37 منٹ پر ہونے کا امکان ہے، جبکہ 13 اگست کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 20 گھنٹے 53 منٹ ہوگی۔
سپارکو کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں 13 اگست کو غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان تقریباً 32 منٹ کا فرق ہوگا، تاہم چاند کی عمر اور دیگر فلکیاتی عوامل کے باعث اس شام ربیع الاول کا ہلال انسانی آنکھ یا دوربین سے نظر آنے کا امکان نہیں۔
سپارکو کی پیشگوئی کے مطابق یکم ربیع الاول 1448 ہجری 15 اگست بروز ہفتہ کو ہونے کا امکان ہے۔ تاہم ربیع الاول کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
اگر یکم ربیع الاول 15 اگست کو قرار پاتا ہے تو اس حساب سے 12 ربیع الاول 26 اگست بروز بدھ کو ہوگی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بھی یکم ربیع الاول 1448 ہجری کے 15 اگست 2026 کو ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، جس کے مطابق 12 ربیع الاول 26 اگست 2026 کو متوقع ہے۔
پاکستان بھر میں عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جاتی ہے۔ اس موقع پر میلاد کی محافل، سیرت کانفرنسز، جلوس اور دیگر مذہبی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔