محکمہ صحت کے افسران نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے

محکمہ صحت کے افسران نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے
کیپشن: محکمہ صحت کے افسران نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے محکمہ صحت میں بنائے گے مانیٹرنگ اور ویجیلنس سیل کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے گئے۔ ہسپتالوں کی بہتری کا خواب صرف خواب ہی رہ گیا۔

ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کے افسران ہی وزیر اعلیٰ کے گڈ گورننس کے نظام کو نیچا دکھانے کی پوری کوشش کرنے لگے۔ محکمہ صحت سپیشلائزڈ میں موجود چند آفیسرز ہسپتالوں میں موجود کرپٹ ایم ایس اور مافیاز کی سرپرستی کر رہے ہیں۔

پی آئی سی میں نااہلی ، ادویات کی عدم دستیابی ، پیتھالوجی کے ٹینڈر کو سکریپ نہ کرنے اور من پسند کمپنیوں کو نوازنے پر ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر نادیہ قمر کا تبادلہ کیا گیا تھا۔ لیکن وہ صرف 10 دن ہی پی آئی سی سے دور رہ سکی۔ محکمہ صحت سپیشلائزڈ نے نادیہ قمر کو 25 جولائی سے دوبارہ پی آئی سی تعینات کر دیا۔

اسی طرح ڈائریکٹر مانیٹرنگ عتیق الرحمان نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے نااہلی ، غفلت برتنے اور ادویات کی عدم دستیابی پر ڈپٹی ڈرگ کنٹرول کا تبادلہ کرکے محکمہ صحت میں رپورٹ بیک کرنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔ تازہ اطلاعات کے مطابق لابی نے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرکے ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کا تبادلہ کا حکم نامہ منسوخ کروادیا ہے۔

Watch Live Public News