ویب ڈیسک: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے وینیوز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق میگا ایونٹ کی مشترکہ میزبانی جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کریں گے۔
آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق ٹورنامنٹ کے میچز مجموعی طور پر 12 اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے، جن میں جنوبی افریقا کے 8، زمبابوے کے 3 اور نمیبیا کا ایک وینیو شامل ہے۔
ورلڈ کپ میں 14 ٹیمیں شرکت کریں گی، جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے تحت 14 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ سے ٹاپ تین ٹیمیں اگلے مرحلے سپر سکس کے لیے کوالیفائی کریں گی، جس کے بعد ناک آؤٹ مرحلے کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر مردوں کے ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا اس سے قبل 2007 کے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ، 2009 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور 2023 کے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کی میزبانی کر چکا ہے، جبکہ زمبابوے اور نمیبیا نے حالیہ برسوں میں آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے میچز کی میزبانی کی ہے۔