(ویب ڈیسک )اطالوی فٹبال کے عظیم ترین دفاعی کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے اور اے سی میلان کے سابق کپتان فرانکو باریزی 66 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی تصدیق اے سی میلان نے اپنے ایک سرکاری بیان میں کی، تاہم موت کی وجہ سے متعلق کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
کلب نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ فرانکو باریزی کی غیر معمولی وفاداری، مضبوط کردار اور شاندار خدمات ہمیشہ اے سی میلان کی تاریخ کا روشن باب رہیں گی۔
فرانکو باریزی نے اپنا مکمل 20 سالہ پیشہ ورانہ کیریئر اے سی میلان کے ساتھ گزارا، جہاں انہوں نے 700 سے زائد میچز میں نمائندگی کی۔ ان کی قیادت میں کلب نے تین یورپی چیمپئنز کپ (موجودہ چیمپئنز لیگ)، چھ سیری اے ٹائٹلز، دو انٹرکانٹی نینٹل کپ، تین یورپی سپر کپ اور چار اطالوی سپر کپ جیتے۔
1997 میں فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد اے سی میلان نے ان کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں ان کی مشہور نمبر 6 جرسی کو ہمیشہ کے لیے ریٹائر کر دیا، جو کلب کی تاریخ میں ایک منفرد اعزاز سمجھا جاتا ہے۔
بین الاقوامی سطح پر بھی باریزی نے اٹلی کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔ وہ 1982 میں ورلڈ کپ جیتنے والی اطالوی ٹیم کا حصہ تھے، جبکہ 1994 کے فیفا ورلڈ کپ میں انہوں نے ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
گزشتہ برس ان کے پھیپھڑوں سے ایک گلٹی نکالنے کے لیے سرجری کی گئی تھی، جبکہ ان کی آخری عوامی شرکت رواں سال فروری میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے دوران ہوئی تھی۔
فرانکو باریزی کے انتقال پر اطالوی وزیر اعظم، فٹبال حکام اور کھیلوں کی دنیا سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔