(ویب ڈیسک) پاکستان کے محمد زبیر نے پیرس میں ہونے والے ای اسپورٹس ورلڈ کپ میں ٹیکن 8 کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا اور دنیا کے نئے عالمی چیمپئن بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق 5 سے 8 اگست تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن مقابلے میں زبیر نے جنوبی کوریا کے کھلاڑی لوہائی کو یکطرفہ مقابلے میں 5-0 سے شکست دے کر عالمی اعزاز حاصل کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ زبیر نے ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں بمشکل اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا، تاہم بعد میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک کے بعد ایک مضبوط حریف کو شکست دی۔
جمعے کو دوسرے گروپ مرحلے میں زبیر نے پاکستان کے معروف ٹیکن کھلاڑی ارسلان ’’ایش‘‘ صدیقی کو واضح برتری سے شکست دی۔ ہفتے کو دونوں ایک بار پھر سیمی فائنل میں آمنے سامنے آئے، جہاں زبیر نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں ارسلان کو 5-4 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔
فائنل میں زبیر نے جنوبی کوریا کے لوہائی کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا اور مسلسل پانچ مقابلے جیت کر 5-0 سے کامیابی حاصل کی۔
ای اسپورٹس ورلڈ کپ نے زبیر کی کامیابی پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: ’’وہ کہیں سے اچانک نمودار ہوئے اور تاج اپنے نام کر لیا!‘‘
He came out of nowhere and took the crown!@ZubairAbdu31256 is the TEKKEN 8 at EWC 26 champion! pic.twitter.com/bqJ3hLdNc3
— EWC Extra (@EWC_Extra) August 8, 2026
عالمی چیمپئن بننے پر محمد زبیر کو 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم بھی دی گئی۔
دوسری جانب ارسلان ’’ایش‘‘ صدیقی چوتھی پوزیشن پر رہے۔ وہ تیسری پوزیشن کے مقابلے میں آسٹریلیا کے یگامی سے شکست کھا گئے۔
خیال رہے کہ ارسلان نے رواں سال جون میں لاس ویگاس میں ہونے والی ایوو چیمپئن شپ جیتی تھی۔ یہ ٹورنامنٹ دنیا کے سب سے بڑے فائٹنگ گیم مقابلوں میں شمار ہوتا ہے اور ارسلان کا یہ مسلسل چوتھا اعزاز تھا۔
ٹیکن دنیا بھر میں مقبول ویڈیو گیم ہے، جبکہ ای اسپورٹس ورلڈ کپ میں دیگر کھیلوں کے مقابلوں میں کال آف ڈیوٹی، کاؤنٹر اسٹرائیک، ڈوٹا 2، لیگ آف لیجنڈز، اسٹریٹ فائٹر اور ویلورنٹ بھی شامل ہیں۔