پاکستان کے ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئین شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا

پاکستان کے ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئین شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا
کیپشن: پاکستان کے ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئین شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا

ویب ڈیسک: پاکستان کے جیولن تھرو اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئین شپ 2025 میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

 تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا میں جاری چیمپئین شپ میں ارشد ندیم نے آخری تھرو 86.40 میٹر کی تھی جس نے انہیں گولڈ میڈل کا حقدار بنوایا، اس سے قبل 85.57 میٹر لمبی تھرو کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

ارشد ندیم کی پہلی تھرو 75.64، دوسری تھرو میں 76.80 جبکہ تیسری تھرو 85.57 میٹر رہی تھی۔

دوسرے پاکستانی جیولن تھرو اسپیشلسٹ یاسر سلطان 70.53، 74.50 میٹر کی تھرو کرسکے تھے، وہ اسوقت 7ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

پہلے راؤنڈ میں سری لنکا کے جیولن پھینکنے والے کھلاڑی ٹاپ 2 پوزیشن پر قابض تھے تاہم ارشد ندیم نے انہیں دوسرے اور تیسرے نمبر پر دھکیل دیا ہے، جنہوں نے 81.91 اور 79.81 میٹرز کی تھرو کی تھیں۔

خیال رہے کہ گروپ اے کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم نے اپنی پہلی ہی کوشش میں 86.34 میٹر کی شاندار تھرو کی تھی، جو اس مرحلے کی سب سے لمبی تھرو ثابت ہوئی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ارشد ندیم کو ایشین ایتھلیٹکس چیمپین شپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد ندیم نے جیولن تھرو کے کھیل میں ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کیا، ارشد ندیم نے فائنل سمیت پوری چیمپئن شپ میں بہترین کھیل پیش کیا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ارشد ندیم کی اس شاندار جیت پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پوری قوم کو ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی پر فخر ہے، مستقبل میں بھی ارشد ندیم کی کامیابیوں کیلئے دعا گو ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ جیتنے پر ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاندار فتح پر ارشد ندیم اور پوری قوم کو مبارکباد! ارشد ندیم قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی کی بدولت سبز ہلالی پرچم کی شان بڑھی، ارشد ندیم کی محنت، لگن اور شاندار کامیابی نوجوان ایتھلیٹس کیلئے ایک قابل تقلید مثال ہے، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مستقبل میں آپ کی کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ الحمدللہ! پاکستان کے لیے ہر میدان سے خوشیوں اور خوش خبریوں کی ہوا چل پڑی ہے، ارشد ندیم کے نیزے کے ساتھ قوم کی دعائیں اور امیدیں بلند ہوئیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ارشد ندیم اور یاسر سلطان کی کامیابی کے تسلسل کے لیے نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں، ارشد ندیم نے گولڈ میڈل کے ساتھ قوم کے دل بھی جیتے، تاریخ بھی جیتی۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ ارشد ندیم اور یاسر سلطان جیسے ہیروز ہمارے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، ارشد ندیم اور یاسر سلطان نے دنیا کو بتایا کہ اگر ریاست ساتھ دے تو پاکستانی نوجوان کسی بھی چوٹی کو سر کر سکتے ہیں، حکومت پنجاب نوجوانوں کو ہر ممکن سہولیات دے رہی ہے تاکہ وہ دنیا میں پاکستان کا پرچم بلند کریں۔

محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاباش ارشد ندیم شاباش! ہمیں آپ پر ناز ہے، ارشد ندیم کی جیت پر ان کے کوچ اور اہلخانہ کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

محسن نقوی نے کہا ہے کہ ارشد ندیم پاک دھرتی کا سپوت ہے اور آج ارشد ندیم نے ایک بار پھر ہر پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا، ارشد ندیم پاکستان کا ہیرو ہے اور قوم اس کامیابی پر بہت خوش ہے، ارشد ندیم کی جیت سخت محنت، لگن اور کمٹمنٹ کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ تاریخی کامیابی پر ہر پاکستانی مسرور ہے اور قوم کو پاکستان کے باصلاحیت بیٹے پر فخر ہے، ارشد ندیم نے جنوبی کوریا میں پاکستان کا نام روشن کرکے سب کے دل جیت لیے، بھارت سمیت دیگر ممالک کے ایتھلیٹس کو ہرا کر چیمپئن شپ جیت کر قومی پرچم کو بلند کرنا بہت بڑا اعزاز ہے۔

Watch Live Public News