ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں وہ مداحوں سے الجھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ویڈیو میں بابر اعظم کو ہرے رنگ کی شرٹ اور نیلی جینز میں چند افراد کے درمیان کسی شخص سے گفتگو کرتے اور پھر غصے میں پیچھے موجود شخص کو دھکا دے کر آگے بڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف آراء سامنے آئی ہیں، کچھ صارفین نے ان کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے انہیں "اسٹریٹ بابر" کا لقب دیا ہے، جبکہ بعض نے اسے ان کی ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کے بعد کے دباؤ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
بابر اعظم کے قریبی ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ نماز ادا کر رہے تھے اور ایک مداح ان کی بار بار ویڈیو بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ متعدد بار منع کرنے کے باوجود ویڈیو بنانے پر بابر کو غصہ آیا اور وہ موقع سے چلے گئے۔
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب بابر اعظم اور ان کے والد، اعظم صدیق، پہلے ہی مختلف تنازعات کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ بابر کے ٹی20 اسکواڈ سے اخراج کے بعد ان کے والد نے سابق کھلاڑیوں کی تنقید پر سوشل میڈیا پر ردعمل دیا، جس پر سابق وکٹ کیپر کامران اکمل نے مشورہ دیا کہ کھلاڑیوں کے اہلِ خانہ کو عوامی سطح پر بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے۔