ویب ڈیسک: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ( پی آئی اے) نے 30 مئی سے بعد از حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ پی آئی اے کی پہلی حج پرواز پی کے 742 کے ذریعے 114 حجاج کرام جدہ سے اسلام آباد پہنچے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر پرواز کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں چیف آپریٹنگ آفیسر آفتاب گیلانی نے حجاج کو ہار پہنائے۔ اس موقع پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے اہلکار اور پی آئی اے کے اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔
پی آئی اے کی دوسری حج پرواز پی کے 732 جدہ سے روانہ ہو کر لاہور پہنچے گی، جبکہ کراچی کے لیے پہلی حج پرواز پی کے 860 آج جدہ سے روانہ ہو کر شام 7:25 بجے کراچی پہنچے گی۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق بعد از حج آپریشن 30 مئی سے 30 جون تک جاری رہے گا۔ اس دوران ایئرلائن جدہ اور مدینہ منورہ سے اسلام آباد، لاہور، کراچی، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ اور کوئٹہ کے لیے پروازیں آپریٹ کرے گی۔
پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کے تحت کل 213 پروازیں چلائی جائیں گی، جن کے ذریعے 53 ہزار سے زائد حجاج کرام وطن واپس آئیں گے۔ ایئرلائن نے حجاج کی سہولت کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور آپریشن کی نگرانی سی ای او پی آئی اے بذات خود کر رہے ہیں۔