عمران خان سے ملاقاتوں کی اجازت، جیل سہولیات دینے پر عدالت کابڑا حکم

imran khan in adyala jail
کیپشن: imran khan in adyala jail
سورس: google

 ویب ڈیسک :پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی ملاقاتوں اور جیل سہولیات پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے احکامات جاری کردیے، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات پر کوئی پابندی نہیں۔

اڈیالہ جیل حکام نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی حامی بھرلی تاہم سابق وزیراعظم سے ملاقات سے متعلق ڈپٹی سپریڈنٹ جیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں علی امین گنڈا پور کی عمران خان سے ملاقات سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی ملاقات پر کوئی پابندی نہیں جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ آپ اس کو دیکھ لیں آئندہ کوئی درخواست ایسے یہاں نہ آئے۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کا کہنا تھا کہ انہوں نے کوآرڈینیٹر مقرر کیے ہیں، جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ وہ کوآرڈینیٹر انتظار حسین پنجوتھہ تو اغوا ہو چکے ہیں، اس پر ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ جیل نے جواب دیا کہ ان کے علاوہ بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ بھی ہیں، کوآرڈینیٹر پہلے طے کر لیتے فہرست آجاتی ہے اور ہم ملاقات کروا دیتے ہیں، جیل ملاقات بھی اب ہو رہی ہے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ جیل ملاقات پر پابندی کیوں لگاتے ہیں جس پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے جواب دیا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث ہوم ڈیپارٹمنٹ پابندی عائد کرتا ہے۔

عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی عمران خان سے ملاقات پر پابندی نہ ہونے پر درخواست نمٹا دی۔

علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کو جیل میں بہتر سہولیات فراہم کرنے کی درخواست پر بھی سماعت ہوئی، ڈی آئی جی جیل خانہ جات اور ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ جیل عدالت میں پیش ہوئے۔ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ جیل نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کوجیل رولزکے تحت تمام سہولیات فراہم کردی گئی ہیں۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ جیل خانہ جات سے کون آیا ہے، جس پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات عبد الرؤف نے بتایا کہ میں ڈی آئی جی جیل خانہ جات ہوں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں بھی شروع ہو گئیں ہیں۔

ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ گزشتہ روز وکلا اور فیملی ملاقات کرکے آئی ہے، تمام سہولیات فراہم کردی ہیں۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ وکیل شعیب شاہین صاحب کہاں ہیں وہ بتائیں گے کہ سہولیات ملی ہیں یا نہیں، بعدازاں عدالت نے شعیب شاہین کے عدالت آنے تک سماعت میں وقفہ کردیا۔

دوسری طرف اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اخبارفراہم کرنے کی ہدایت کردی ۔

عدالت نے کہا کہ جیل مینوئل کے مطابق جس جس قسم کی سہولیات کے حقدار ہیں بانی پی ٹی آئی کو فراہم کریں، جسٹس ارباب محمد طاہر نے احکامات جاری کر دیا۔


 

Watch Live Public News