ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے ایک بڑی خوشخبری سنا دی۔ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے ہاؤس رینٹ سیلنگ میں 85 فیصد اضافہ کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی جانب سے یہ سمری کابینہ کو ارسال کی گئی تھی، جسے باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے تحت گریڈ 1 سے 22 تک کے تمام وفاقی ملازمین کو ہاؤس رینٹ سیلنگ میں یکساں اضافہ ملے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، اس فیصلے سے قومی خزانے پر تقریباً 12 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا، تاہم اس سے سرکاری ملازمین کو مہنگائی کے دباؤ کے دوران نمایاں ریلیف ملنے کی امید ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ ملازمین کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا، جو اب پورا کر دیا گیا ہے، اور اس اقدام سے رہائش کے بڑھتے اخراجات کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔