(ویب ڈیسک ) واٹس ایپ نے صارفین کی اکاؤنٹ سیکیورٹی اور پرائیویسی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
میٹا کی زیرِ ملکیت یہ میسجنگ ایپ اب چیٹ بیک اپ کے لیے پاس کیز سپورٹ فراہم کرے گی، جس سے صارفین اپنی چیٹس کو مزید محفوظ بنا سکیں گے۔ یہ فیچر آئندہ چند مہینوں میں تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
پاس کیز دراصل جدید ڈیجیٹل کیز ہوتی ہیں جو روایتی پاس ورڈز کے مقابلے میں زیادہ محفوظ اور استعمال میں آسان ہوتی ہیں۔ یہ کسی ویب سرور پر محفوظ نہیں کی جاتیں، بلکہ صارف کے آلے پر ہی اسٹور ہوتی ہیں۔ صارفین اس کے ذریعے چار ہندسوں کے پن کوڈ یا بائیومیٹرک تصدیق (چہرہ یا فنگرپرنٹ) کے ذریعے اپنے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
واٹس ایپ کے مطابق، جیسے صارفین اپنی چیٹس اور کالز کو پاس کیز کے ذریعے محفوظ بناتے ہیں، اب وہی سیکیورٹی چیٹ بیک اپ کے لیے بھی دستیاب ہوگی، تاکہ بیک اپ ہمیشہ محفوظ، قابلِ رسائی اور صرف صارف تک محدود رہے۔