بابراعظم کا نام بھارتی اسپورٹس نصاب میں شامل کرلیا گیا

بابراعظم کا نام بھارتی اسپورٹس نصاب میں شامل کرلیا گیا
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے ، انہیں انڈین سرٹیفکیٹ آف سیکنڈری ایجوکیشن (آئی سی ایس ای) نے آٹھویں جماعت کے اسپورٹس نصاب میں شامل کرلیا ہے ۔ سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر یہ پوسٹ وائرل ہورہی ہے کہ جس میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی تصویر بھارت کے نامور کرکٹرز ویرات کوہلی ، ایم ایس دھونی اور سچن ٹنڈولکر کے ہمراہ نصاب میں شامل ہے ۔ آٹھویں جماعت کی اسپورٹس کی اس کتاب میں سوال کیا گیا ہے کہ کرکٹرز کو ان کی عرفیت سے ملائیں جب کہ جواب میں کپتان بابراعظم عرف بابی بھی درج ہے۔ بابراعظم کے علاوہ اسی سوال میں دیگر بین الااقوامی کرکٹرز میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز شامل ہیں ۔ بھارتی نصاب میں بابراعظم کا تذکرہ دنیا بھر میں ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ظاہر کرتا ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستانی کپتان کو حال ہی میں تینوں فارمیٹس میں پرفارمنس پر آئی سی سی مینز کرکٹر آف دی ایئر 2022 کیلئے سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی سے نوازا گیا تھا ۔ اسی طرح گذشتہ سال کپتان بابراعظم کی کور ڈرائیو کو نویں جماعت کی فزکس کے نصاب میں شامل کیا گیا تھا، بابراعظم اپنی بیٹنگ اور کور ڈرائیو کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں جب کہ کئی نامور کرکٹرز بھی ان کے مداح ہیں، بابر کی تکنیک کے باعث انہیں اسٹیو استمھ، ویرات کوہلی اور دیگر کرکٹرز سے اوپر رکھا گیا ہے ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔