ویب ڈیسک: عراق نے انٹر کنفیڈریشن پلے آف میں بولیویا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر چالیس سال بعد فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
مونتری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں ایمن حسین نے دوسرے ہاف میں فیصلہ کن گول کر کے عراق کو کامیابی دلائی، جس کے بعد وہ کینیڈا، میکسیکو اور امریکا میں گیارہ جون سے انیس جولائی تک ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی اڑتالیسویں اور آخری ٹیم بن گئی۔
فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ آئی میں عراق کا مقابلہ فرانس، ناروے اور سینیگال سے ہوگا، جبکہ عراق ایشیا کی جانب سے کوالیفائی کرنے والی نویں ٹیم بھی بن گیا ہے۔
میچ کے آغاز میں ہی عراق نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور دسویں منٹ میں علی الحمادی نے شاندار ہیڈر کے ذریعے ٹیم کو برتری دلائی، تاہم پہلے ہاف کے اختتام سے قبل بولیویا کے موئیسز پانیگوا نے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔
دوسرے ہاف کے 53ویں منٹ میں عراق نے ایک بار پھر برتری حاصل کی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
آخری لمحات میں بولیویا نے مقابلہ اضافی وقت میں لے جانے کے لیے بھرپور کوشش کی اور کئی کارنرز حاصل کیے، تاہم عراقی دفاع نے مضبوطی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کر لی۔
واضح رہے کہ عراق اس سے قبل صرف ایک بار 1986 میں میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شریک ہوا تھا جہاں اسے اپنے گروپ کے تمام میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔