ویب ڈیسک: کے الیکٹرک کے ترجمان نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ( سی ای او) مونس علوی کے استعفے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کمپنی کے سی ای او نے اپنے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا۔
ترجمان کے مطابق مونس علوی کے پاس یہ قانونی حق موجود ہے کہ وہ محتسب اعلیٰ سندھ کے حالیہ فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالتی فورمز سے رجوع کریں، اور وہ جلد اس سلسلے میں کوئی فیصلہ کریں گے۔
یاد رہے کہ 31 جولائی کو محتسب اعلیٰ سندھ نے ایک خاتون کی جانب سے دائر کردہ ہراسانی کے مقدمے میں مونس علوی کے خلاف فیصلہ سنایا تھا۔ فیصلے میں ان پر خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام ثابت ہونے پر 25 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا، اور انہیں سی ای او کے عہدے سے ہٹانے کا بھی حکم جاری کیا گیا تھا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر مونس علوی ایک ماہ کے اندر جرمانہ ادا نہیں کرتے تو ان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کی جائے گی، ساتھ ہی ان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی بلاک کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ادارہ قانونی تقاضوں کا مکمل احترام کرتا ہے اور مونس علوی اپنے دفاع کے لیے قانونی راستہ اختیار کریں گے۔ کمپنی نے اس معاملے پر مزید تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے، تاہم ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ مونس علوی فی الوقت اپنے عہدے پر برقرار ہیں۔