(ویب ڈیسک) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور مشترکہ مفادات پر مبنی حقیقی شراکت دار ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے )کے 99ویں یومِ تاسیس کی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں منعقد ہوئی، چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ چینی دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارتخانے کے حکام اور پاک افواج کے سینئر افسرا تقریب میں شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چینی مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پیپلز لبریشن آرمی کو 99ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن کے لیے پی ایل اے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی منفرد، آزمودہ اور ہر چیلنج میں ثابت قدم رہی ہے، پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور مشترکہ مفادات پر مبنی حقیقی شراکت دار ہیں۔ پاکستان اور چین علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ کا تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اظہار تشکر ہے،چینی سفیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور کردار کو سراہا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ چینی سفیر نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان اور چین نے دفاعی تعاون اور دیرینہ دوستی مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔