ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا

ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا
کیپشن: ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا

ویب ڈیسک: بھارتی بیٹسمین ویرات کوہلی نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ون ڈے میں 135 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا۔

گزشتہ دنوں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ بی سی سی آئی شاید سینئر کھلاڑیوں کوہلی اور روہت شرما کو ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے لیے قائل کرے گا، مگر کوہلی نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ اب صرف ون ڈے کرکٹ پر توجہ مرکوز کریں گے۔

میچ کے بعد گفتگو میں کوہلی نے کہا، "میں اب صرف ون ڈے کھیل رہا ہوں اور یہی میرا فوکس ہے۔" ان کے اس بیان نے یہ واضح کر دیا کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کا دروازہ ہمیشہ کے لیے بند کر چکے ہیں۔

123 ٹیسٹ میچز اور 9230 رنز کے شاندار کیریئر کے باوجود، کوہلی نے اپنی ذہنی اور جسمانی فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کے دورے کے بعد انہوں نے کوئی میچ نہیں کھیلا تھا، اسی لیے وہ رائے پور کئی روز پہلے پہنچے تاکہ دونوں سیشنز میں پریکٹس کر کے خود کو دوبارہ میچ کے لیے تیار کر سکیں۔ ان کے مطابق کرکٹ ہمیشہ ذہنی کھیل رہا ہے، اور جب وہ اچھے ذہنی فریم میں ہوتے ہیں تو ان کی کارکردگی خود بخود سامنے آتی ہے۔

ادھر بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سائقیا نے بھی میڈیا میں گردش کرنے والی رپورٹس کو "بے بنیاد" قرار دیتے ہوئے کہا کہ بورڈ نے نہ کوئی رابطہ کیا ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی گفتگو ہوئی ہے۔

جنوبی افریقا کے خلاف کوہلی کی 52 ویں سنچری نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ ون ڈے کرکٹ میں پوری توانائی کے ساتھ موجود ہیں اور اسی فارمیٹ کو اپنا مستقبل سمجھتے ہیں۔

Watch Live Public News