ویب ڈیسک: پاپوا نیو گنی کے وکٹ کیپر بیٹسمین کپلن ڈوریگا کو خاتون کو ہراساں کرنے اور اس کا موبائل فون چھیننے کے جرم میں 3 سال قید کی سزا سنادی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، 30 سالہ کرکٹر امریکی ریاست جرسی میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ چیلنج لیگ میں اپنے ملک کی نمائندگی کر رہے تھے اور ایونٹ میں ڈنمارک اور کویت کے خلاف میچز کھیل چکے تھے۔
25 اگست کی رات تقریباً ڈھائی بجے، ہوٹل واپس جاتے ہوئے سینٹ ہیلیئر کی ہلیری اسٹریٹ پر کپلن ڈوریگا نے ایک خاتون پر حملہ کیا اور اس کا موبائل فون چھین لیا۔ پولیس نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے کرکٹر کو گرفتار کر لیا اور اگلے ہی روز ان کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کر لیا۔
27 اگست کو ڈوریگا نے جرسی مجسٹریٹ کورٹ میں اپنے جرم کا اعتراف کیا، جس کے بعد 28 نومبر کو رائل کورٹ نے انہیں 3 سال قید کی سزا سنائی۔