’دہشتگردوں کو کون واپس لایا، کس نے کہا تھا یہ جہادی اور پاکستان کے دوست ہیں‘

’دہشتگردوں کو کون واپس لایا، کس نے کہا تھا یہ جہادی اور پاکستان کے دوست ہیں‘
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کو کون واپس لایا ہے اور کس نے کہا تھا کہ یہ جہادی پاکستان کے دوست ہیں ؟ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے گذشتہ دس سال میں وفاق کی جانب سے کے پی کو ملنے والی رقم کے استعمال پر سوالات اٹھائے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ 417 ارب روپے خیبرپختونخوا کو ادا کر دئیے گئے ہیں ، 417 ارب روپے کہاں استعمال ہوئے ہیں ؟ کہا جاتا ہے کہ ہمیں پیسے نہیں ملے لیکن انہیں سالانہ 40 ارب ملے ہیں ، یہ پیسہ پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بہتری کیلئے استعمال ہونا تھا لیکن پیسہ کہاں گیا خدا جانے ۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کوسالانہ 40 ارب روپے ملے، اتنے کسی اور صوبے کو نہیں ملے ہیں ، چاروں صوبوں نے مل کر یہ پیسہ دیا ، یہ پیسہ کہاں گیا ہے ؟ کوئی نہیں جانتا ، گذشتہ 10 سال کے پی کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ، وہاں گذشتہ 10 سال تک پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی کی حکومت رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کا ناسور پھر سر اٹھارہا ہے ، سوال یہ ہے کہ ان دہشتگردوں کو دوبارہ کون واپس لایا ہے ؟ کس طرح دوبارہ پاکستان کا امن خراب ہوگیا ؟ کس نے یہ کہا تھا کہ یہ جہادی ہیں اور پاکستان کے دوست ہیں ؟ کس کا کہنا تھا تھا کہ ان لوگوں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں اور یہ ملک کی ترقی میں حصہ لیں گے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اجتماعی کوششوں سے دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ فوری مناسب اقدامات نہ کیے گئے تو دہشتگردی پاکستان میں پھیل جائے گی ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔