وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس،ادویات کی اسمگلنگ،ذخیرہ اندوزی کےخلاف کارروائیاں تیز کرنےکاحکم

وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس،ادویات کی اسمگلنگ،ذخیرہ اندوزی کےخلاف کارروائیاں تیز کرنےکاحکم
کیپشن: وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس،ادویات کی اسمگلنگ،ذخیرہ اندوزی کےخلاف کارروائیاں تیز کرنےکاحکم

ویب ڈیسک: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس کا وزیراعظم آفس نے اعلامیہ جاری کر دیا۔

تفصیلا ت کے مطابق وفاقی کابینہ نے  146 انتہائی ضروری جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فیصلہ ہارڈشپ کیٹگری کے تحت عالمی منڈی میں خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا،ڈریپ کے آن لائن پورٹل کے ذریعے شہری مارکیٹ میں ادویات کی عدم دستیابی کے حوالے سے شکایات درج کروا سکتے ہیں،حکومت عام آدمی کو ادویات کی مناسب قیمت پر فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اُٹھا رہی ہے۔حکومت ایسی پالیسیز مرتب کررہی ہے جس کا فائدہ عام آدمی کو بھی ہو اور فارماسیوٹیکل کی صنعت بھی ترقی کرے۔

وفاقی کابینہ نے کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان اور اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف مارکیٹ ریگولیشن چین کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی،مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کے درمیان  معلومات کے تبادلے اور تکنیکی استعداد میں اضافہ ہو گا۔

پاکستانی ماہرِ نفسیات محمد سلیم خان ترین کو برطانیہ کے بادشاہ چارلس (سوئم) کی جانب سے ممبر آف برٹش ایمپائر کا ایوارڈ وصول کرنے کی اجازت دی گئی جبکہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھوکو اٹلی کی جانب سے دیئے گئے گولڈ میڈل فار ایروناٹیکل میرٹ کو وصول کرنے کی اجازت دے دی،حکومت اٹلی نے یہ اعزاز ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں اٹلی اور پاکستان کی فضائیہ کے مابین بڑھتے ہوئے تعاون کی خدمات کے اعتراف میں دیا۔

وزیراعظم نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز مرتب کی جائیں، ادویات کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں، ادویات کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کے حوالے سے ضروری قانون سازی کے لئے سفارشات مرتب کی جائیں۔

وزیراعظم نے ہدایت   دی کہ آئندہ منتخب حکومت ان سفارشات کو پارلیمنٹ میں پیش کر سکے۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 26 جنوری 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی،وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 26 جنوری 2024 اور 31 جنوری 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔