سردی کی لہر برقرار، مری میں برفباری، محکمہ موسمیات کی بارش کی بھی پیشگوئی

سردی کی لہر برقرار، مری میں برفباری، محکمہ موسمیات کی بارش کی بھی پیشگوئی
کیپشن: سردی کی لہر برقرار، مری میں برفباری، محکمہ موسمیات کی بارش کی بھی پیشگوئی

ویب ڈیسک: ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر برقرار ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، مری سمیت مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق مری میں برفباری ہوئی، سیاحوں کی بڑی تعداد مال روڈ پر نکل آئی، گلیات میں بھی آسمان سے روئی کے گالوں کی برسات ہوئی۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد، لہہ میں پارہ منفی 9،قلات منفی 8،گوپس منفی 7 اور کالام میں منفی 6 رہا۔

سکردو میں منفی 5، کوئٹہ، بگروٹ میں منفی 4، مالم جبہ، استور اور پارا چنار میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بادل برسنے کی نوید سنا دی گئی، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہےتاہم شمال مشرقی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علا وہ چند مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد اورگرد و نواح میں بارش کا امکان ہے، مری، گلیات اور گردونواح میں چند مقامات پر بارش اور ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔

لاہور، شیخو پورہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤ الدین، راولپنڈی، جہلم، چکوال اور گرد و نواح میں بارش ہونے کی توقع ہے۔

سند ھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا جبکہ دیر، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور بٹگرام میں برفباری کی توقع ہے۔ شانگلہ، بونیر اور سوات میں چند مقامات پر بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور ہلکی برفباری کاامکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات  کا کہنا ہے کہ  آزادکشمیر میں گزشتہ رات ہونے والی بارش اور برف باری سے موسم ایک بار پھر ٹھنڈا ہوگیا،آزادکشمیر کے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔برف باری کے باعث اپر نیلم وادی لیپہ اور کہوٹہ کی شاہرات بند ہو گئیں جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ مانسہرہ شہر میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے،ناران کاغان شوگران اور بابو سرٹاپ پر دو سے چار فٹ تک برف باری پڑچکی ہے۔سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور روڈ سے برف ہٹانے کے لئے کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا سٹاف موقع پر موجود  ہے۔

Watch Live Public News