ویب ڈیسک: نیا سال 2026 اپنے ساتھ نئی اُمیدیں، خوشیاں اور خواب لے کر آیا۔ سال کا پہلا سورج پوری آب و تاب کے ساتھ طلوع ہوا، اور شہریوں نے اس خوشی کے لمحے کو دل و جان سے محسوس کیا۔
نئے سال کے پہلے طلوع آفتاب کا منظر دیکھنے کے لیے ملک بھر میں لوگوں نے ساحلی علاقوں، پارکوں اور کھلے مقامات کا رخ کیا، اور اس حسین لمحے کو اپنی کیمروں میں محفوظ کیا۔ نئے سال کے آغاز پر پاکستان بھر کی مساجد میں ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ علما کرام نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو درپیش مشکلات سے نجات دے، اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان 2026 میں معاشی بہتری اور قومی ترقی کے لیے پُرامید ہے۔ عوام نے دعا کی کہ نیا سال تمام افراد کے لیے خوشیاں، سکون اور ترقی لے کر آئے، اور یہ سال نئی اُمیدوں، حوصلوں اور کامیابیوں کا سال ثابت ہو۔
شہریوں نے اپنے عزم کا اظہار کیا کہ وہ مثبت سوچ اور محنت کے ساتھ نئے سال کا آغاز کر رہے ہیں۔ کئی شہریوں نے کہا کہ انہیں پوری امید ہے کہ 2026 میں وہ تمام خواب مکمل ہوں گے جو گزشتہ برس ادھورے رہ گئے تھے۔
رات 12 بجتے ہی پاکستان بھر میں نئے سال کی خوشی میں آتشبازی اور جشن کا آغاز ہوا۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں شاندار آتشبازی کی گئی، اور لوگ سڑکوں پر نکل کر ہلہ گلہ کرتے دکھائی دیے۔ یہ لمحے ایک نئی توانائی اور جوش سے بھرپور تھے، اور شہریوں نے 2026 کا آغاز جوش و جذبے سے کیا۔