کیا2026میں دنیاختم ہوجائے گی؟سائنسدانوں کی بڑی پیشگوئی

کیا2026میں دنیاختم ہوجائے گی؟سائنسدانوں کی بڑی پیشگوئی
کیپشن: کیا2026میں دنیاختم ہوجائے گی؟سائنسدانوں کی بڑی پیشگوئی

ویب سائٹ: سال 2025 کے اختتام پر سوشل میڈیا پر یہ افواہیں زور پکڑ گئیں کہ دنیا 2026 میں ختم ہو جائے گی۔ ٹک ٹاک ویڈیوز، سنسنی خیز پوسٹس اور دیگر پلیٹ فارمز پر عالمی تباہی کے خدشات نے عوام کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

تاہم ماہرین نے واضح کیا ہے کہ 2026 میں دنیا کے خاتمے کے بارے میں یہ تمام دعوے بے بنیاد ہیں اور ان کی کوئی سائنسی تصدیق موجود نہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ افواہیں دراصل پرانے، غیر مصدقہ نظریات، انتہاپسندانہ پیشگوئیاں اور عالمی بے چینی کا نتیجہ ہیں۔ ان میں سے ایک وجہ جرمن نژاد سائنسدان ہائنز فان فوسٹر کا 1960 کی دہائی میں پیش کیا گیا ریاضیاتی ماڈل بھی بتایا جاتا ہے، جس میں انسانی آبادی کے حد سے زیادہ بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ بعض افراد نے اس نظریے کو غلط طور پر دنیا کے خاتمے سے جوڑ دیا۔

اسی طرح ریٹائرڈ امریکی ماہر ماحولیات گائے مکفرسن کی ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق پیشگوئیاں بھی 2026 کے خاتمے کے بیانیے سے جوڑی جا رہی ہیں، حالانکہ انہوں نے انسانی تہذیب کے ممکنہ بحران کی بات کی تھی، نہ کہ کسی مخصوص سال میں دنیا کے خاتمے کی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ ماحولیاتی تبدیلی، قدرتی وسائل کی کمی، بڑھتی ہوئی آبادی، ٹیکنالوجی سے متعلق خطرات اور عالمی کشیدگی جیسے مسائل واقعی سنجیدہ ہیں، لیکن ان کا 2026 میں دنیا کے خاتمے سے کوئی براہِ راست تعلق نہیں ہے۔

نفسیاتی اور سماجی عوامل بھی اس افواہ کے پھیلاؤ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، کیونکہ سوشل میڈیا پر وائرل مواد تیزی سے پھیلتا ہے اور بار بار شیئر ہونے والی پوسٹس عوام میں خوف اور غلط فہمی کو مزید بڑھا دیتی ہیں۔

ماہرین نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ایسی خبروں پر یقین کرنے کے بجائے مستند سائنسی ذرائع اور حقائق پر اعتماد کریں، کیونکہ بے بنیاد خوف اور افواہوں کا پھیلاؤ خود ایک بڑا سماجی مسئلہ بن چکا ہے۔

Watch Live Public News