ایران کا ایٹمی پروگرام قومی وقار کی علامت بن چکا ہے،عباس عراقچی

ایران کا ایٹمی پروگرام قومی وقار کی علامت بن چکا ہے،عباس عراقچی
کیپشن: ایران کا ایٹمی پروگرام قومی وقار کی علامت بن چکا ہے،عباس عراقچیایران کا ایٹمی پروگرام قومی وقار کی علامت بن چکا ہے،عباس عراقچی

ویب ڈیسک: ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کا پرامن ایٹمی پروگرام اب محض ایک سائنسی منصوبہ نہیں بلکہ قومی فخر اور وقار کی علامت بن چکا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کو دیے گئے انٹرویو میں عراقچی نے زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو یورینیم افزودگی کا جائز اور ناقابل تنسیخ حق حاصل ہے، اور ایرانی قوم کسی دباؤ یا جارحیت سے پیچھے ہٹنے والی نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ سفارتکاری کے دروازے کھلے ہیں، تاہم موجودہ صورتحال میں فوری مذاکرات ممکن نہیں جب تک امریکا ایران کو مکمل سیکیورٹی گارنٹی فراہم نہ کرے۔

عراقچی نے مزید کہا کہ اسرائیل اور امریکا کی جانب سے بمباری یا حملے ایران کے سائنسی اور ٹیکنالوجیکل شعبے کو ختم نہیں کر سکتے۔ "ہم نقصان کے ازالے کے بعد مزید تیزی سے ترقی کریں گے،" انہوں نے پر اعتماد لہجے میں کہا۔

اسرائیلی جارحیت کے دفاع میں ایران کے ردعمل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "12روزہ مسلط کردہ جنگ کے دوران ایران نے ثابت کیا کہ ہم اپنا دفاع مؤثر انداز میں کر سکتے ہیں، اور اگر مستقبل میں دوبارہ حملہ کیا گیا تو ہم پوری طاقت سے جواب دیں گے۔"

عباس عراقچی کے اس انٹرویو کو خطے میں جاری جغرافیائی کشیدگی اور ایران کے ایٹمی مستقبل کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News