ویب ڈیسک: بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی نے میٹرک (دہم جماعت) جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کے مطابق پہلی تینوں پوزیشنز طالبات نے حاصل کر کے ایک بار پھر نمایاں کامیابی اپنے نام کی۔
نتائج کے مطابق طوبیٰ فاطمہ 90.27 فیصد نمبروں کے ساتھ پہلی، آمنہ اسد 87.82 فیصد نمبروں کے ساتھ دوسری، جبکہ صفیہ منور 87.73 فیصد نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہیں۔
بورڈ کے مطابق امتحانات کے لیے مجموعی طور پر 15 ہزار 446 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے 14 ہزار 749 طلبہ و طالبات امتحان میں شریک ہوئے، جبکہ 697 امیدوار غیر حاضر رہے۔
چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسر مشرف علی راجپوت نے بروقت نتائج کے اعلان پر اساتذہ اور بورڈ عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ امتحانات اور نتائج کے تمام مراحل میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نویں جماعت کے سالانہ امتحانات کی کاپیوں کی جانچ کے لیے کمپیوٹرائزڈ اسیسمنٹ اور ای-مارکنگ کا نظام بھی متعارف کرا دیا گیا ہے، جس سے نتائج کی تیاری مزید شفاف اور تیز ہوگی۔