(ویب ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ باصلاحیت و نامور میزبان و اداکار توثیق حیدر اور اداکارہ فرح سعدیہ نے سوشل میڈیا پر اپنے نکاح کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
دونوں فنکاروں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ "مبارک ہو، ہماری شادی ہو چکی ہے، مگر افسوس ہمیں خود بھی اس کی اطلاع سوشل میڈیا سے ہی ملی۔ ہم چاہتے تھے کہ اگر ایسی کوئی خوشخبری ہوتی تو خود اپنے مداحوں کو بتاتے، لیکن چند نام نہاد پروفیشنل یوٹیوبرز نے پہلے ہی یہ خبر 'بریک' کر دی۔"
توثیق حیدر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ صبح آنکھ کھلی تو معلوم ہوا کہ ان کی فرح سعدیہ سے شادی ہو چکی ہے، یہاں تک کہ ان کی شادی کی تصاویر بھی بنا کر شیئر کی جا چکی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان جھوٹی خبروں سے کسی نے لاکھوں روپے کما لیے ہیں تو کم از کم "سلامی" ہی بھیج دیں، کیونکہ یہ آمدنی انہی کے نام پر حاصل کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی موجودہ زندگی سے مطمئن ہیں۔ ان کے بقول، غیر شادی شدہ رہ کر انہوں نے یہ سیکھا کہ شادی نہ کرنا ہی بہتر ہے، جبکہ فرح سعدیہ نے شادی کے تجربے کے بعد یہ جانا کہ یہ ان کے لیے موزوں فیصلہ نہیں تھا۔
فرح سعدیہ نے بھی شادی کی افواہوں پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس خبر پر یقین ہی نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی خبریں پھیلا کر ویوز اور آمدنی حاصل کرنا مناسب طرزِ عمل نہیں، کیونکہ اس سے ان کی ذاتی زندگی، خاندان، بچوں اور والدین پر بھی اثر پڑتا ہے۔
آخر میں دونوں فنکاروں نے عوام اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ خبروں کو فروغ دینے کے بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ صرف اچھے دوست ہیں اور آئندہ بھی ان کی دوستی برقرار رہے گی۔