بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی وفد نیویارک پہنچ گیا

بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی وفد نیویارک پہنچ گیا
کیپشن: بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی وفد نیویارک پہنچ گیا

ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر نیویارک پہنچ گیا ہے،عالمی رہنماؤں، سفارتکاروں اور طلبہ سے اہم ملاقاتیں شیڈول کی گئی ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہناہےکہ بلاول بھٹو زرداری پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے رکھیں گے، 2 جون کو بلاول بھٹو کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات شیڈول ہے۔

پاکستانی وفد نیویارک میں امریکی تھنک ٹینک اور کانگریس کے ارکان سے بھی ملاقاتیں کرے گا، بلاول بھٹو زرداری 5 جون کو امریکی تھنک ٹینک مڈل ایسٹ انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔

پاکستانی وفد میں مصدق ملک، سینیٹر شیری رحمان، خرم دستگیر، تہمینہ جنجوعہ، جلیل عباس جیلانی اور حنا ربانی کھر شامل ہیں۔

وفد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ پاکستانیوں، صحافیوں اور ماہرین سے بھی تبادلہ خیال کرے گا، یہ دورہ پاکستان کی عالمی سطح پر مؤثر سفارتی موجودگی کے اظہار کا اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں موجودہ پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے تناظر میں ایک اعلیٰ سطح سفارتی کمیٹی تشکیل دی تھی جو مختلف ممالک کا اہم دورہ کرے گی، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں قائم سفارتی کمیٹی بھارت کے خلاف عالمی محاذ پر پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط بنانے کیلئے کام کر رہی ہے۔

Watch Live Public News