دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، چاہے اندرونی ہو یا بیرونی: فیلڈ مارشل

دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، چاہے اندرونی ہو یا بیرونی: فیلڈ مارشل
کیپشن: دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، چاہے اندرونی ہو یا بیرونی: فیلڈ مارشل

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ کے زیری آڈیٹوریم میں قبائلی عمائدین کے ساتھ منعقدہ گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان میں جاری دہشتگردی، بھارتی مداخلت اور ترقیاتی منصوبوں پر کھل کر بات کی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت بلوچستان میں پراکسی وار کے ذریعے امن و ترقی کو نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فتنہ الہندستان جیسے گروہ عوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جنہیں معاشرتی جگہ ہرگز نہیں دینی چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ "ریاستی ادارے، عوام کی حمایت سے دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

وزیراعظم نے بلوچستان کے لیے متعارف کروائے گئے ترقیاتی پیکجز کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان کے اثرات عوام تک براہِ راست پہنچنے چاہئیں۔ انہوں نے بلوچستان کے عوام کے تاریخی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچ قوم نے قومی وحدت کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دوٹوک پیغام

آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطاب میں کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے نیٹ ورکس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ بے نقاب ہو چکا ہے۔ اب یہ صرف پراکسی وار نہیں بلکہ کھلی جارحیت کی شکل اختیار کر چکی ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ "دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، چاہے وہ اندرونی ہو یا بیرونی"۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان آرمی ہر خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور بلوچستان میں امن و استحکام ناقابلِ سودے بازی ہے۔

فیلڈ مارشل نے واضح کہا کہ "پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے جڑا ہوا ہے"۔

قبائلی عمائدین کا اظہارِ یکجہتی

جرگے کے اختتام پر قبائلی عمائدین نے افواجِ پاکستان اور حکومت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر مشکل وقت میں ریاست کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

وزیراعظم نے بعد ازاں کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے طلبہ افسران اور فیکلٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ہائبرڈ خطرات کے خلاف پیشہ ورانہ مہارت اور اسٹریٹیجک فہم ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے شہداء کے لواحقین کو مکمل ریاستی تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

Watch Live Public News