ویب ڈیسک: یوٹیوب نے اپنی شارٹس ویڈیوز کی سروس کیلئے ایک انوکھا اور جدید فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت گوگل لینس کو شارٹس کا حصہ بنا دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کمپنی کا کہناہے کہ یہ فیچر آئندہ چند ہفتوں میں بتدریج تمام صارفین کے لیے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا جائے گا۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین شارٹس ویڈیوز کے دوران نظر آنے والی چیزوں کو گوگل لینس کے ذریعے شناخت اور سرچ کر سکیں گے۔
استعمال کا طریقہ اور فائدے
نئے فیچر کو استعمال کرنے کیلئے صارف کو ویڈیو پلے کرتے ہوئے عارضی طور پر روکنا ہوگا، جس کے بعد اوپر موجود مینیو میں سے "لینس" کا آپشن منتخب کیا جا سکے گا۔ پھر صارف مخصوص منظر یا چیز پر کلک کرے گا، اور گوگل لینس اس کے متعلق مکمل معلومات فراہم کرے گا۔
مثال کے طور پر اگر کوئی ویڈیو کسی خاص جگہ یا مقام کو دکھا رہی ہے اور ناظرین اس مقام کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں، تو وہ گوگل لینس کی مدد سے اس مقام کی تاریخ، مقام، یا دیگر تفصیلات حاصل کر سکیں گے۔
انسٹا اور ٹک ٹاک سے سبقت
یوٹیوب کا یہ نیا فیچر اسے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام ریلز جیسے پلیٹ فارمز سے آگے لے جاتا ہے کیونکہ وہاں اب تک ویژول سرچ کا ایسا کوئی فیچر دستیاب نہیں۔ اس انضمام کے بعد صارفین صرف ویڈیوز دیکھنے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ وہ ان میں دکھائی گئی معلومات کو بہتر طریقے سے جانچ سکیں گے۔
اشتہارات سے پاک تجربہ
یوٹیوب نے واضح کیا ہے کہ گوگل لینس کے ذریعے حاصل ہونے والے ابتدائی سرچ نتائج میں صارفین کو کسی قسم کے اشتہارات نظر نہیں آئیں گے، جس سے صارف کا تجربہ مزید بہتر اور غیر مداخلت انگیز ہوگا۔
اس فیچر کے اضافے سے نہ صرف یوٹیوب شارٹس کی افادیت میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ صارفین کو مزید معلوماتی اور انٹرایکٹو تجربہ فراہم کرے گا۔