حج پرواز حادثے کا شکار، 210 عازمینِ حج شہید؟ اصل حقائق سامنے آگئے

حج پرواز حادثے کا شکار، 210 عازمینِ حج شہید؟ اصل حقائق سامنے آگئے

ویب ڈیسک: سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہونے والی ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی جس میں افسوس ناک منظر دکھایا گیا، خبر میں دعویٰ کیا گیا کہ افریقی ملک موریطانیہ سے سعودی عرب جانے والی ایک حج پرواز حادثے کا شکار ہوگئی ہے، جس میں 210 عازمینِ حج سوار تھے اور تمام افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اس خبر کو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر تیزی کے ساتھ وائرل کیا گیا، یہ خبر جنگل میں لگی آگ کی طرح پھیلی، سوشل میڈیا پر تباہ شدہ جہاز کی تصاویر بھی شیئر کی گئیں۔

مگر اس من گھڑت اور بے بنیاد خبر کی حقیقت اس سے مختلف نکلی، موریطانیہ کی حکومت نے باقاعدہ طور پر اس خبر کو مسترد کردیا۔

 وزارتِ مذہبی امور کے حج امور کے ڈائریکٹر، الولی طحٰہ نے تصدیق کی کہ ملک کے تمام عازمین بخیروعافیت سعودی عرب پہنچ چکے ہیں اور کسی بھی پرواز کو کسی قسم کا حادثہ پیش نہیں آیا۔

موریطانیہ ایئرلائنز نے بھی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام حج پروازیں محفوظ طریقے سے مکمل ہوچکی ہیں اور کسی حادثے کی اطلاع نہ حکومت کو ملی ہے اور نہ ہی ایئرلائن کو۔

فیکٹ چیک کے مطابق اس خبر کے ساتھ وائرل ہونے والی تصاویر کا جائزہ لینے کے بعد انکشاف ہوا کہ یہ تصاویر حالیہ نہیں بلکہ کئی برس پرانی ہیں۔ سمندر میں گرتے جہاز کی تصویر تقریباً چار سال پرانی نکلی، جبکہ دوسری تصویر، جس میں جہاز کو آگ اور دھویں کی لپیٹ میں دکھایا گیا تھا، 2018 میں انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کی گئی تھی۔

 

Watch Live Public News