ویب ڈیسک: آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کا کہنا تھا ہوائی فائرنگ کر کے دوسروں کا گھر اجاڑنے والے خاموش قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں، عید الاضحی سے قبل مویشی منڈیوں میں نوسربازوں اور چوروں کے ممکنہ خطرات،آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کے احکامات جاری کردیے۔
آئی جی نے صوبہ بھر کے ریجنل اور ضلعی پولیس افسران کو خصوصی اقدامات کی ہدایت کردی،صوبے کی تمام چھوٹی بڑی مویشی منڈیوں کے گرد سکیورٹی میں اضافہ، سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکار تعینات کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔
آئی جی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں خصوصی سکیورٹی پلان بھی مرتب کیا جائے،ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے اسلحے کی نمائش پر پابندی کے ساتھ ساتھ کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لے کر خصوصی آگاہی مہم شروع کریں۔
نماز عید کے اجتماعات سے قبل کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے حساس علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ شروع کیا جائے، اعلیٰ پولیس حکام تمام بازاروں، مارکیٹوں، بالخصوص خواتین کی خریداری کے مراکز کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات کریں۔
خواتین بازاروں میں باوردی عملے کے علاوہ خواتین پولیس کا عملہ بھی تعینات کریں، عید الاضحی سے قبل اور اسکے دوران ٹریفک کوہر وقت رواں دواں رکھنے اور اس مقصد کے لئے اضافی نفری تعینات کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی۔
اعلیٰ پولیس حکام کو شر پسندوں کے خلاف عوام کو متحرک کرنے اور اُن کا تعاون حاصل کرنے سمیت تمام اضلاع میں ریسکیو 15 اور فوری رسپانس یونٹوں کو فعال اور متحرک کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے۔