آئی سی سی نے کرکٹ قوانین میں اہم تبدیلیوں کی منظوری دیدی

آئی سی سی نے کرکٹ قوانین میں اہم تبدیلیوں کی منظوری دیدی
کیپشن: آئی سی سی نے کرکٹ قوانین میں اہم تبدیلیوں کی منظوری دیدی

ویب ڈیسک: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے بھارت میں ہونے والے بورڈ اجلاس میں کرکٹ قوانین، خواتین کرکٹ اور کینیڈا کرکٹ سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دے دی۔

آئی سی سی کے نئے قوانین کے تحت ٹیسٹ میچز میں خراب روشنی کی صورت میں دونوں ٹیموں کی رضامندی سے پنک بال استعمال کی جا سکے گی تاکہ کھیل کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔

اجلاس میں غیرقانونی بولنگ ایکشن کی جانچ کے لیے ہاک آئی ٹیکنالوجی کے استعمال کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ ون ڈے میچز میں پانی کے وقفے کے دوران کوچز کو کھلاڑیوں سے مشاورت کے لیے میدان میں جانے کی اجازت ہوگی۔

ٹی 20 کرکٹ میں بھی اہم تبدیلی کرتے ہوئے اننگز کے درمیان وقفے کا دورانیہ 20 منٹ سے کم کرکے 15 منٹ کر دیا گیا ہے۔

آئی سی سی بورڈ نے لیگ سائیڈ وائیڈ کے آزمائشی قانون کو مستقل طور پر نافذ کرنے کی بھی منظوری دی، جبکہ ویمنز چیمپئنز ٹرافی 2027 جون اور جولائی کے بجائے 14 سے 28 فروری 2027 تک منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب انتظامی مسائل کے باعث کینیڈا کرکٹ ایسوسی ایشن کی رکنیت معطل کر دی گئی ہے، تاہم کینیڈا کی قومی ٹیمیں آئی سی سی کے بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت جاری رکھ سکیں گی۔

Watch Live Public News