ملک بھر میں بارشوں کا الرٹ، این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری جاری

ملک بھر میں بارشوں کا الرٹ، این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری جاری
کیپشن: ملک بھر میں بارشوں کا الرٹ، این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری جاری

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے آج سے ملک بھر کےبیشتر علاقوں میں  بارشیں ہونے کی پیشگوئی کردی جبکہ این ڈی ایم اے نے ممکنہ غیر متوقع موسمی صورتحال کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ چھوٹے بڑے شہروں سمیت  ملک بھر میں جاری گرمی کی شدید لہر کے بعد آج سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ آج اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، وزیرستان، کوہاٹ اور ہنگو میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہناہے کہ ماہرین نے لکی مروت، باجوڑ، مہمند، کرک، خیبر، پشاور اور صوابی کے علاقوں میں بھی ژالہ باری اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح مردان، کرم، ڈی آئی خان اور بنوں میں بھی بارش کے ساتھ ژالہ باری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اُدھر پنجاب کے علاقوں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور منڈی بہا الدین میں بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد اور سیالکوٹ میں بھی موسم کی یہی کیفیت رہنے کا امکان ہے۔اس کے علاوہ صوبائی دارالحکومت لاہور، نارووال، ساہیوال، قصور، اوکاڑہ اور فیصل آباد میں ژالہ باری اور بارش متوقع ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ڈی جی خان، بہاولنگر اور بہاولپور میں بھی ژالہ باری اور بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے علاقوں سکھر، گھوٹکی، شکارپور، جیکب آباد میں شام یا رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، خیرپور اور گردونواح میں بھی بارش متوقع ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ دیگر صوبوں کی طح بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، زیارت، ژوب، موسیٰ خیل، چمن اور مستونگ میں شام یا رات کے وقت بارش متوقع ہے۔ پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، بارکھان، سبی، خضدار، چاغی اور نوشکی میں بھی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور شہر میں رات گئے ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ پشاور، بنوں اور دیگر میدانی علاقوں میں گرد و غبار کے طوفان کا بھی امکان ہے جب کہ کئی علاقوں میں ژالہ باری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز پشاور کا درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں 43، بنوں میں 42 جب کہ مردان اور تخت بھائی میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔بالائی علاقوں میں کالام میں درجہ حرارت 30، مالم جبہ 27، چترال 35، دیر اور دیر لوئر میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

این ڈی ایم اے/ ایڈوائزری جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور شمالی مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ سندھ کے چند اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے ممکنہ غیر متوقع موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اضلاع اور اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

Watch Live Public News