بھارتی کشیدگی پر وزیراعظم اور صدر مملکت کی ملاقات کا اہم اعلامیہ جاری

بھارتی کشیدگی پر وزیراعظم اور صدر مملکت کی ملاقات کا اہم اعلامیہ جاری

ویب ڈیسک: صدر آصف علی زرداری سے   وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایوانِ صدر میں ملاقات، ملاقات میں نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی موجود، ملاقات میں پہلگام حملے کے بعد بھارت کے ساتھ کشیدگی کے پیشِ نظر موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کےمطابق اہم ملاقات میں دونوں رہنماوں نے بھارت کے جارحانہ رویہ اور اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا، ملاقات کے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ بھارتی رویے سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ ہے، پاکستان ملک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا ،پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستانی قوم متحد ہے ، اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے ، افواج ِپاکستان کسی بھی خطرے یا جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، ملاقات میں بھارت کے جارحانہ رویے ، کسی بھی ممکنہ جارحیت پر پاکستان کے ردعمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

پاکستان دو دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار رہا ، بے پناہ انسانی اور معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا، عالمی برادری دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے پاکستان میں عسکریت پسندوں کو فنڈنگ، تربیت اور بھیجنے میں بھارت کے ملوث ہونے کا نوٹس لے ۔

اجلاس میں پہلگام حملے کے حوالے سے بھارتی قیادت کی جانب سے بغیر کسی تحقیقات کے لگائے گئے الزامات پر افسوس کا اظہار کیا گیا، صدر مملکت نے بھارتی بے بنیاد الزامات پر حکومت کے ردعمل اور ذمہ دارانہ انداز میں صورتحال سے نمٹنے کو سراہا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری ، علاقائی سالمیت اور اہم قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

اجلاس میں کشمیری عوام کے حق ِخودارادیت کیلئے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کی فوری ضرورت پر بھی  زور دیا گیا، وزیر اعظم نے کوویڈ 19 سے صحت یاب ہونے کے بعد صدر مملکت کی صحت بارے بھی دریافت کیا۔

Watch Live Public News