ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، وزیراعظم نے امیر قطر کا پاکستان کے لیے یکجہتی اور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قطر کی حمایت دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے، وزیراعظم نےجنوبی ایشیاء میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کا ذکر کیا، کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی ہر شکل میں مذمت کی ہے ۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم کی قربانیوں کو اجاگر کیا، وزیراعظم نے بغیر کسی ثبوت کے پہلگام واقعہ سے پاکستان کو جوڑنے کی بھارت کی کوششوں کو مسترد کردیا۔
وزیراعظم نے واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی اپنی پیشکش کا اعادہ کیا، وزیراعظم کا بھارت کی جانب سے سندھ طاس کے حوالے سے آبی جارحیت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پانی پاکستان کے 240 ملین عوام کی لائف لائن ہے، وزیراعظم نے گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال پر روشنی ڈالی۔
ٹیلیفونک رابطہ میں کہا کہ پاکستان کو ایسے وقت میں جب وہ معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہو گا، ایسے کسی بھی واقعے میں ملوث ہونے سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہو گا۔
قطر کے امیر نے جنوبی ایشیاء میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، امیر قطر کا کہنا تھا کہ قطر موجودہ بحران میں کمی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔