عالمی یومِ مزدور کے موقع پر صدر اور وزیر اعظم کا خصوصی پیغام

عالمی یومِ مزدور کے موقع پر صدر اور وزیر اعظم کا خصوصی پیغام
کیپشن: عالمی یومِ مزدور کے موقع پر صدر اور وزیر اعظم کا خصوصی پیغام

ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ مزدور کے موقع پر دنیا بھر بالخصوص پاکستان کے محنتی مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کاروباری حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کی محنت کش افرادی قوت کے وقار اور تحفظ کو یقینی بنائیں۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ محنت کشوں کی قربانیاں جدید مزدور حقوق کی بنیاد ہیں۔ منصفانہ اجرت اور باوقار حالاتِ کار ہر مزدور کا حق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکاگو کے مزدوروں کی جدوجہد انسانی وقار کی علامت ہے۔ آٹھ گھنٹے کام، آٹھ گھنٹے آرام اور آٹھ گھنٹے ذاتی وقت کا اصول اہم ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ آئینِ پاکستان 1973 مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے۔ ریاست استحصال کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان کے مزدور قومی ترقی کی اصل طاقت ہیں۔ محنت کشوں کا کام صرف روزگار نہیں، ترقی کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی محنت کے معیارات کی پاسداری جاری رکھے گا۔ جبری مشقت اور بچوں سے مزدوری کا خاتمہ ہماری ترجیح ہے۔ ہر مزدور کے لیے مساوی مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ خواتین کی افرادی قوت میں شمولیت کو فروغ دیا جائے گا۔ نوجوانوں کے لیے باوقار روزگار کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ بیرونِ ملک پاکستانی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ محنت کش طبقے کی قربانی زندگی کو رواں دواں رکھتی ہے، ورکرز اور ہنرمند افراد اندرون و بیرون ملک ہماری قابلیت، محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے عکاس ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قیمتی زرمبادلہ کی صورت میں ملک کے معاشی استحکام میں کردار ادا کرتے ہیں، وفاقی حکومت نے مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیت میں اضافے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔

Watch Live Public News