ویب ڈیسک: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مزدوروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری اور کم اجرت سے تنگ مزدور آج بھی کام کی تلاش میں ہے اور مزدوروں کے دن پر بھی بغیر آرام کام کرنے میں مصروف ہے۔
مزدوروں کا عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ محنت کشوں کی قربانیاں جدید مزدور حقوق کی بنیاد ہیں۔ منصفانہ اجرت اور باوقار حالاتِ کار ہر مزدور کا حق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکاگو کے مزدوروں کی جدوجہد انسانی وقار کی علامت ہے۔ آٹھ گھنٹے کام، آٹھ گھنٹے آرام اور آٹھ گھنٹے ذاتی وقت کا اصول اہم ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ آئینِ پاکستان 1973 مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے۔ ریاست استحصال کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان کے مزدور قومی ترقی کی اصل طاقت ہیں۔ محنت کشوں کا کام صرف روزگار نہیں، ترقی کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی محنت کے معیارات کی پاسداری جاری رکھے گا۔ جبری مشقت اور بچوں سے مزدوری کا خاتمہ ہماری ترجیح ہے۔ ہر مزدور کے لیے مساوی مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ خواتین کی افرادی قوت میں شمولیت کو فروغ دیا جائے گا۔ نوجوانوں کے لیے باوقار روزگار کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ بیرونِ ملک پاکستانی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ محنت کش طبقے کی قربانی زندگی کو رواں دواں رکھتی ہے، ورکرز اور ہنرمند افراد اندرون و بیرون ملک ہماری قابلیت، محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے عکاس ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قیمتی زرمبادلہ کی صورت میں ملک کے معاشی استحکام میں کردار ادا کرتے ہیں، وفاقی حکومت نے مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیت میں اضافے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔