ویب ڈیسک: سری لنکا کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑیوں کو ہوٹل میں قیام کے دوران خواتین کی خفیہ ویڈیوز بنانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ کولمبو کے علاقے ناراہین پیتا میں پیش آیا جہاں سری لنکا کی انڈر 19 ٹیم ٹھہری ہوئی تھی۔ ہوٹل میں مقیم کچھ خواتین نے شکایت درج کروائی تھی کہ باتھ روم میں نہاتے ہوئے موبائل فون کا استعمال کرتے ہوئے خفیہ طور پر ان کی فلم بندی کی گئی ہے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو حراست میں لے لیا تاہم بعد میں انہیں پانچ لاکھ سری لنکن روپے (تقریباً 436,000 پاکستانی روپے) کے ذاتی مچلکے پر رہا کر دیا گیا۔
پولیس حکام نے کہا کہ وہ اس بات کی بھی تفتیش کر رہے ہیں کہ آیا یہ ویڈیوز آن لائن شیئر کی گئی تھیں۔ ملزمان کو ابتدائی سماعت کے لیے عدالت میں پیش کیا گیا اور کیس کی اگلی سماعت 25 مئی کو ہو گی۔
دوسری جانب سری لنکا کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال کوئی تادیبی کارروائی نہیں کی گئی۔