ویب ڈیسک: گزشتہ روز سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ کی اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہےکہ اراکین اسمبلی نے پی ٹی آئی پنجاب میں خیبرپختونخوا کی مداخلت کی شکایت کی،اراکین اسمبلی نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے رہنما پنجاب کے فیصلوں میں مداخلت کر رہے ہیں، شیر افضل مروت اور علی امین گنڈاپور نے مشاورت کے بغیر پنجاب کے کارکنوں کو احتجاج کی کال دی، پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی مخصوص نشستوں کی فہرست میں بھی مداخلت کی گئی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں اراکین اسمبلی نے سلمان اکرم راجہ کو پنجاب کی سیاسی باگ ڈور سنبھالنے کی درخواست کی۔
سلمان اکرم راجہ نے مسائل حل کروانے کی یقین دہانی کروائی ۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر پر اعتماد کا اظہار کیا۔
اراکین اسمبلی نے ملک احمد خان بھچر کی کارکردگی کو سراہا اور لاہور کی تنظیم کے غیر فعال ہونے کا بھی ذکر کیا۔ اراکین اسمبلی نے لاہور تنظیم بارے جلد فیصلہ کرنے کی درخواست کی۔