ویب ڈیسک: سعودی عرب کے مبینہ ’ اسکائی اسٹیڈیم‘ کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو جعلی نکلی۔ ویڈیو دراصل مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کی گئی تخیلاتی ویڈیو ہے، جسے غلطی سے 2034ء ورلڈ کپ کے اسٹیڈیم کا ڈیزائن سمجھ لیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق ویڈیو کا سعودی حکومت یا کسی سرکاری منصوبے سے کوئی تعلق نہیں۔ ویڈیو کے خالق نے تصدیق کی کہ یہ صرف ایک اے آئی تصور ہے اور اسے سعودی منصوبوں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں تھیں۔ یہ ویڈیو دنیا بھر میں 5 کروڑ سے زائد بار دیکھی جا چکی ہے۔
دوسری جانب، سعودی حکومت واقعی 2034ء کے عالمی کپ کے لیے 15 جدید اسٹیڈیمز کی تعمیر کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان میں نیوم میگا سٹی میں مجوزہ ’کلاؤڈ اسٹیڈیم‘ بھی شامل ہے، جو زمین سے تقریباً 350 میٹر بلندی پر تعمیر کیا جائے گا۔ اس میں 46 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی اور اسے مکمل طور پر سولر اور ونڈ پاور سے چلایا جائے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق کلاؤڈ اسٹیڈیم کی تعمیر 2027ء میں شروع ہو کر 2032ء میں مکمل ہوگی۔