ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز لنچ بریک کے دوران عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان کا انٹرویو نشر کرنے پر اسکائی اسپورٹس کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرا دی۔
برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ کے مطابق اسکائی اسپورٹس پر نشر کیے گئے انٹرویو میں قاسم اور سلیمان خان نے اپنے والد، سابق وزیراعظم عمران خان کی قید اور انہیں مبینہ طور پر درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا۔
قاسم خان نے انٹرویو میں کہا کہ انہیں واضح طور پر معلوم نہیں کہ ان کے والد کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو طویل عرصے تک قید رکھ کر ان کی آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کے وکلا ان کی جیل میں موجودہ صورتِ حال کو خطرناک قرار دے چکے ہیں، جبکہ ان کی بہن نے بھی دورانِ قید تشدد کے الزامات عائد کیے ہیں۔ گزشتہ ہفتے 73 سالہ عمران خان کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں انہیں دوبارہ جیل منتقل کردیا گیا۔
’دی گارڈین‘ کے مطابق پی سی بی کی شکایت کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں، اسکائی اسپورٹس نے شکایت موصول ہونے کی تصدیق کی ہے، تاہم اس معاملے پر مزید تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی سی بی نے انٹرویو نشر ہونے سے قبل اسے روکنے کی کوشش بھی کی تھی۔ لارڈز میں بارش کے باعث لنچ بریک پہلے ہی تاخیر کا شکار تھا۔ انٹرویو نشر ہونے کے بعد پی سی بی حکام نے مبینہ طور پر پاکستانی کھلاڑیوں کو دوبارہ میدان میں بھیجنے سے روکنے کی دھمکی دی۔
تاہم انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے حکام نے فریقین کے درمیان مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کرلیا، جس کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوگیا۔
’دی گارڈین‘ کے مطابق معاملے پر پاکستانی حکام کی ناراضی برقرار ہے اور اطلاعات کے مطابق پی سی بی نے یہ مسئلہ برطانوی حکومت کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس کے سامنے بھی اٹھایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے ای سی بی حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستانی ٹیم لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز کے کھیل میں بھی شرکت کرے گی۔