ویب ڈیسک: پاک افغان مذاکرات کے بعد آج طورخم بارڈر کو پاکستان میں مقیم غیرقانونی افغان شہریوں کی وطن واپسی کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق غیرقانونی طور پر مقیم افغانی شہریوں کی بےدخلی کیلئے گزشتہ روز طورخم سرحد کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، اپنے وطن واپسی کیلئے سیکڑوں افغان شہری طورخم امیگریشن پوائنٹ پہنچ گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق طورخم سرحدی گزرگاہ تجارت اور پیدل آمدورفت کے لیے بدستور بند رہے گی۔
واضح رہے کہ افغان بارڈر پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے 21 دن قبل ہر قسم کی آمد ورفت کیلئے بند کیا گیا تھا۔ بارڈر بندش سے دوطرفہ تجارت اور سفری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں۔
معمول کے مطابق دونوں ممالک میں روزانہ ایک ہزار گاڑیوں کی آمد و رفت ہوتی تھی۔ بارڈر بندش کے باعث تجارتی سامان دونوں جانب پھنس گیا ہے۔
افغانستان کو اس وقت سبزیوں اور پھلوں کی بڑی مقدار درکار تھی، جس کی درآمد متاثر ہوئی، پاکستان سے سیمنٹ، سریا، چاول اور دیگر اشیاء کی برآمد بھی رک گئی تھی۔