سابق خاتون ایم پی اے پرمبینہ پولیس تشدد،ڈی آئی جی آپریشنز کا نوٹس،انکوائری کا حکم

سابق خاتون ایم پی اے پرمبینہ پولیس تشدد،ڈی آئی جی آپریشنز کا نوٹس،انکوائری کا حکم
کیپشن: سابق خاتون ایم پی اے پرمبینہ پولیس تشدد،ڈی آئی جی آپریشنز کا نوٹس،انکوائری کا حکم

ویب ڈیسک: سابق خاتون ایم پی اے پر مبینہ پولیس تشدد کے واقعے پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق انکوائری 48 گھنٹوں میں مکمل کی جائے گی، اور واقعے کے تمام پہلوؤں بشمول ویڈیو شواہد  کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس ترجمان کے مطابق، سابق ایم پی اے کے بیٹے ارسلان کو دو روز قبل 90 اسنوکر کلب سے 12 دیگر افراد کے ہمراہ جوا کھیلتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ کلب اور اس میں شامل کئی ملزمان پہلے بھی جوئے کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔

پولیس کے مطابق، خاتون ایم پی اے نے بیٹے کی رہائی کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی اور مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں سے بدسلوکی بھی کی۔ ترجمان نے کہا کہ خاتون ایم پی اے کے ایک بیٹے کی گزشتہ ماہ موٹر سائیکل حادثے میں موت واقع ہوئی تھی، اور اس واقعے کا مقدمہ پہلے ہی درج ہے، لہٰذا اسنوکر کلب سے دوسرے بیٹے کی گرفتاری کو پہلے مقدمے کے ساتھ جوڑنا بے بنیاد الزام ہے۔

ترجمان لاہور پولیس نے واضح کیا کہ مبینہ تشدد کے واقعے کی انکوائری جاری ہے اور تمام حقائق جلد سامنے آجائیں گے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق قانون سب کے لیے برابر ہے، اور بغیر تصدیق الزام تراشی پر مبنی یکطرفہ خبریں چلانا افسوسناک ہے۔

Watch Live Public News