ویب ڈیسک: بھارتی پراپیگنڈے کا نیا حربہ بھی پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے ناکام بنادیا۔ اعجاز ملاح نے اعترافی بیان میں مودی سرکار کا کچاچٹھا کھول دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ہے۔ جس کے دوران عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد بھارت نے مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن مہم شروع کی ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت نے اعجاز ملاح نامی مچھیرے کو گرفتار کیا۔ انڈین انٹیلیجنس ایجنسیوں نے اعجاز ملاح کو ٹاسک دے کر پاکستان بھیجا۔ جب اعجاز ملاح نے آرمی رینجزز اور نیوی کے یونیفارم خریدے تھے تو پاکستان نے سرویلنس کی۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ بھارت پاکستان کی معرکہ حق کی فتح کو ہضم نہیں کرسکتا۔ اعجاز ملاح کو گرفتار کیا تو انہوں نے ان تمام باتوں کا اعتراف کیا۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے اعجاز ملاح کا اعترافی بیان چلا دیا
اعترافی بیان میں اعجاز ملاح نے کہا کہ ہم مچھلی مارنے گئے تو بھارت نے ہمیں پکڑ لیا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی نیوی اور رینجرز کی وردیاں لینی ہیں۔ نجی کمپنی کی سم، پاکستانی سگریٹ اور کرنسی لانے کا کہا۔ اس کے بعد بھارتی خفیہ ایجنسی نے مجھے رہا کردیا۔
اعجاز ملاح کا کہنا تھا کہ میں نے خفیہ ایجنسی کے افسر کو کچھ تصاویر بھیجیں۔ میں جب دوبارہ سمندر میں گیا تو پاکستان ایجنسی نے مجھے پکڑ لیا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ بھارت کا پروپیگنڈا آپریشن ہے جو ایکسپوز ہوا ہے۔ پاکستان میڈیا نے جنگ میں انفارمیشن کی جنگ جیتی۔ اعجاز ملاح کو ستمبر کے مہینے میں بھارتی کوسٹ گارڈ نے گرفتار کیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اعجاز ملاح کو پیسوں کا لالچ دیا گیا۔ اعجاز ملاح کو پچانوے ہزار روپے دینے کے ثبوت موجود ہیں۔ پہلگام میں بھی انہوں نے چائنیز سیٹلائٹ کا ذکر کیا۔ اب یہاں پر نجی کمپنی کی سمز مانگی جارہی تھی۔ ویڈیو کے ساتھ کچھ آڈیوز بھی ہیں جو میڈیا کے ساتھ شیئر کر دی جائیں گی۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارت کو کہنا چاہتے ہیں کہ ہمارے ادارے چوکنا ہیں۔