ویب ڈیسک: بھارتی ریاست پنجاب کے شہر لدھیانہ میں قومی سطح کے کبڈی کھلاڑی کو دوستوں کے ساتھ جھگڑے کے دوران گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق، 26 سالہ تیج پال سنگھ اپنے دو دوستوں کے ہمراہ جاگراؤں علاقے میں ایک فیکٹری کی جانب جا رہا تھا کہ راستے میں پرانی رنجش کے باعث ان کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی۔ بات بڑھنے پر جھگڑا شدت اختیار کر گیا، اسی دوران ایک نامعلوم شخص، جو تیج پال کے دوستوں کے ساتھ موجود تھا، نے پستول سے فائرنگ کر دی، جس سے گولی تیج پال کے سینے میں جا لگی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کے دفتر سے کچھ ہی فاصلے پر پیش آیا۔ خون میں لت پت کھلاڑی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث حملہ آور کی تلاش جاری ہے جبکہ واقعے سے متعلق مختلف زاویوں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔