ویب ڈیسک: سابق کرکٹر عمر اکمل نے الزام لگایا ہے کہ سابق کپتان وقار یونس نے میرا کیرئیر تباہ کیا۔
نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے عمر اکمل نے کہا کہ وقار یونس نوجوان کھلاڑیوں سے جلتے تھے کیونکہ وہ نئی گاڑیاں خریدنے کے قابل ہوگئے تھے۔
عمر اکمل نے کہا کہ کرکٹ کھیل کر جو پیسے کمائے اُس سے اپنی اور گھر والوں کی خواہشات پوری کی۔ اس میں غلط کیا ہے۔ وہ اکیلا نہیں بلکہ رانا نوید الحسن سمیت ان کے ساتھ کھیلنے والے دیگر کرکٹرز اس کی گواہی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں کارکردگی کی بنیاد پر نہیں بلکہ نئی گاڑی خریدنے اور برانڈڈ کپڑے پہننے پر ٹیم سے ڈراپ کیا گیا۔ وقار یونس کہتے تھے کہ آپ کو اتنے پیسے کیسے ملے؟
انہوں نے کہا کہ پہلے کھلاڑی ایسی چیزیں نہیں خرید سکتے تھے لیکن جب اللہ نے دیا ہے تو اپنے اوپر خرچ کرنے میں کوئی حرج نہیں۔
عمر اکمل نے مزید کہا کہ وہ وقار یونس کا ایک سینئر کھلاڑی کے طور پر احترام کرتے ہیں، لیکن بطور کوچ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2016 میں ورلڈ کپ کے موقع پر انہوں نے پی سی بی کو خطوط اور فائلیں جمع کرائیں اور تجویز دی کہ وقار یونس کو ہٹا دیا جائے تو ٹیم کی کارکردگی بہتر ہو گی۔
35 سالہ اکمل نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے کئی غیر ملکی لیگز اس لیے نہیں کھیلی تاکہ پاکستان کیلئے دستیاب رہوں۔ میری پہلی ترجیح ہمیشہ پاکستان رہی ہے۔